طوفانی بارشیں شروع، محکمہ موسمیات کی ہلچل مچانے والی پیشنگوئی آگئی

لاہور (پی این آئی) محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پھر سے بارش کی پیشگوئی کردی، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب اور خطہ پوٹھو ہار کے بعض علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش جب کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات سے جاری رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، اٹک، میانوالی، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالا، گجرات، مری اور گلیات میں بعض مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش منڈی بہائوالدین میں38ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 24، چکوال میں 20، نارووال میں 6، نور پور تھل میں 3، فیصل آباد میں 2 اور مری و سیالکوٹ میں ایک ایک ملی میٹر بارش ہوئی، لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد رہا۔اس ضمن میں ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 7 اگست تک مون سون بارشیں متوقع ہیں تاہم بارشوں کی شدت میں کمی کے امکانات موجود ہیں، پنجاب کے دریائوں میں سیلابی صورتحال معمول پر آ رہی ہے، دریائے جہلم، چناب، تربیلہ چشمہ، کالاباغ، جسڑ شاہدرہ اور بلوکی کے مقامات پر پانی کا بہا معمول کے مطابق ہے، دریائے ستلج میں سلیمانکی اور اسلام کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے سے معلوم ہوا ہے کہ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 70934 اور اخراج 63024 جب کہ ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی آمد 54306 اور اخراج 53706 ہے، دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام جبکہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تونسہ بیراج سے 357 457 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ انتظامیہ الرٹ رہے، عوام بجلی کی تاروں، کھمبوں، کچی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں، عوام دریاؤں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اورممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ سے تعاون کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں