کہاں کہاں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) بحیرہ عرب سے مون سون ہواؤں کی آمد، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 2 اگست کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوئیں۔

لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک ،چکوال، جہلم سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 3 اگست کو مغربی ہوائیں بھی ملک میں داخل ہوں گی، کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے، مری گلیات، اسلام آباد میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ ادھر ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 7 اگست تک مون سون بارشیں متوقع ہیں تاہم بارشوں کی شدت میں کمی کے امکانات موجود ہیں۔ترجمان کے مطابق پنجاب کے دریائوں میں سیلابی صورتحال معمول پر آ رہی ہے ۔دریائے جہلم، چناب،تربیلہ چشمہ، کالاباغ،جسڑ شاہدرہ اوربلوکی کے مقامات پر پانی کا بہا معمول کے مطابق ہے ۔ دریائے ستلج میں سلیمانکی اور اسلام کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 70934 اور اخراج 63024جبکہ ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی آمد 54306 اور اخراج 53706 ہے۔دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام جبکہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔تونسہ بیراج سے 357 457 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 4 سے 6 اگست کے دوران دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ انتظامیہ الرٹ رہے۔ عوام بجلی کی تاروں، کھمبوں،کچی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں۔عمران قریشی نے کہا کہ عوام دریاں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اورممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ سے تعاون کریں۔

close