یکم اگست سے طوفانی بارشیں شروع ہونے کی پیشنگوئی کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) طوفانی بارشوں کا نیا الرٹ جاری، پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم اگست تک طوفانی بارشیں جاری رہنے کا امکان، اربن فلڈنگ کا خدشہ۔

 

 

تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم اگست تک طوفانی بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے، طوفانی بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں، دریاں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ بلوکی کے مقام پر پانی کی آمد 60 ہزار 45 اور اخراج 47ہزار 245 کیوسک ہے، سدھنائی کے مقام پر 41 ہزار کیوسک اور شاہدرہ کے مقام پر 32 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہا ونارمل ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ دریائے سندھ میں تونسہ اور گڈو کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 4لاکھ 19ہزار895 اور اخراج بھی 4لاکھ 19ہزار 895 ہے، تربیلا، چشمہ اور کالاباغ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہا 84 ہزار 430 کیوسک ہے۔

 

 

 

ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کی تمام ڈویژنل انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کچی دیواروں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں، عوام دریاں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ سے تعاون کریں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ شمال/ مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی خیبر پختو نخوا ، شمال مشرقی بلو چستان، بالائی/وسطی پنجاب اور خطہ پو ٹھو ہار میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close