لاہور(آئی این پی)پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم اگست تک طوفانی بارشیں جاری رہنے کے ساتھ اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ترجمان پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق طوفانی بارشوں سے دریاں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ شاہدرہ کے مقام سے 32 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے تاہم شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہا نارمل ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں تونسہ اور گڈو کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، طوفانی بارشوں کے باعث مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں خیبرپختونخوا کے بیشترعلاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ اسلام آباد میں آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان تاہم وفاقی دارالحکومت میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ دیر، چترال، سوات، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ کوہستان، مالاکنڈ، پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں بھی تیز ہواں کے ساتھ بارش کا امکان، موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے علاقوں کوہلو، ژوب، شیرانی، موسی خیل، قلعہ سیف اللہ اور بارکھان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ قلات، خضدار، آواران، سبی، ہرنائی، بولان، لورالائی، نصیرآباد اور ڈیرہ بگٹی میں بارش متوقع ہے، موسلا دھار بارش کے باعث مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں