اگلے کتنے دن بارشیں جاری رہیں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

لاہور ( پی این آئی ) ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہرکر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشوں کے جاری سلسلے میں شدت کا امکان ظاہر کیا ہے، بحیرہ عرب سےمون سون ہوائیں ملک کے زیادہ تر علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں، ایک مغربی لہر بھی بالائی اور وسطی حصوں پر موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق 28 اور 29 جولائی کے دوران جڑواں شہروں سمیت پشاور، چارسدہ،مردان،نوشہرہ،ایبٹ آباد،مانسہرہ،گوجرانوالہ،گجرات،نارووال، سیالکوٹ،لاہور ،قصور اورفیصل آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔اگلے 2روز کے دوران ڈیرہ غازی خان، شمال مشرقی اورجنوبی بلوچستان کے علاقوں (ژوب ، بارکھان ،کوہلو،سبی، نصیر آباد، موسی خیل،شیرانی، ہرنائی،بولان،لورالائی، خضدار، لسبیلہ،کیچ،تربت، پنجگور، آواران اورگردونواح) میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔جبکہ مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل جمعہ کے روز کشمیر، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، پنجاب ، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان ، شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی ، بالائی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران کشمیر، اسلام آباد ، خطۂ پوٹھوہار ، شمال مشرقی ، جنوبی پنجاب ، بالائی /وسطی خیبر پختونخوا اور مشرقی بلو چستان میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب، اسلام آباد ،بالائی/وسطی خیبرپختونخوا ، کشمیر ، بلوچستان، سندھ اور بابوسر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقا مات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں