اسلام آباد ( پی این آئی) ملک کے کئی شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا سمیت سندھ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈسلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شمالی پنجاب اور جنوبی خیبر پختونخوا میں دریاؤں میں بہاؤ تیز ہونے کا امکان ہے، نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں ہل ٹورنٹ اور لینڈسلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے جب کہ صوبہ سندھ میں بھی سیلابی صورت حال کا امکان ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ اور نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پوٹھوہار ریجن، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک و بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔
26 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، ایبٹ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد کے مقامی ندی نالوں اور ڈیرہ غازی خان و شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان کے علاقوں بارکھان، کوہلو، شیرانی، ہرنائی، بولان، لورالائی، خضدار، لسبیلہ، کیچ، تربت، آواران، پسنی، اورماڑہ اور گردونواح کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 24 جولائی تک موسلادھار بارش کی وجہ سے زیریں سندھ کے علاقوں تھرپارکر، عمرکوٹ ، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، کشمور، گھوٹکی، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، کراچی اور حیدرآباد میں تیز بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث یہاں کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں