لاہور(پی این آئی) ملک بھر میں آئندہ ہفتے سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے سندھ میں مون سون کے نئے سسٹم کے اثر انداز ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 22 جولائی کے درمیان مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، بارشوں کا نیا سلسلہ خلیج بنگال سے پاکستان میں داخل ہوگا، کراچی میں بارشوں کی شدت کا اندازہ سسٹم کے قریب آنے پرہو گا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق 16 جولائی تک بارکھان، لورالائی اور قلات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ خضدار، ژوب، لسبیلہ، آواران، موسی خیل، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سکھر، جیکب آباد، نگرپارکر، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور میرپورخاص میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور تیز ہوائوں کے پیش نظرضلعی انتظامیہ کوپیشگی اقدامات کی ہدایات کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں