اسلام آباد (پی این آئی) مختلف موسمیاتی ماڈلز کے مطابق شمال/شمال مشرقی پنجاب بشمول لاہور، سیالکوٹ ، نارووال میں بڑے پیمانے پر گرج چمک کیساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔دریائے چناب، راوی، ستلج اور اس سے منسلک نالوں بھمبر، ایک، دیگ، بین، پلکھو اور بسنتر میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے ۔
میونسپل علاقوں(لاہور، سیالکوٹ، نارووال،گوجرانوالہ) میں اربن فلڈنگ جبکہ بلوچستان، کےپی، پنجاب، جی بی، اور آزاد جموں کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ ہے ۔ سندھ میں کراچی، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، بدین، شہید بینظیر آباد میں آندھی طوفان کیساتھ درمیانے سے شدید درجے کی بارش متوقع ہے ۔شمال مشرقی بلوچستان (سبّی، ژوب، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، خضدار، بارکھان، لورالائی، قلات، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی اور لسبیلہ) میں آندھی طوفان کیساتھ درمیانی تا شدید درجے کی بارش متوقع ۔ اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں بنوں، ڈی آئی خان، سوات، بالاکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے۔ حفاظتی اقدامات: شہری و ضلعی انتظامیہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری بشمول ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی یقینی بنائیں. انتظامیہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انڈر پاس اور نشیبی سڑکوں سے نکاسی آب آپریشن کے دوران مترادف ٹریفک پلان کو یقینی بنائے. متعلقہ ضلعی انتظامیہ اسٹاک ٹیکنگ کی تکمیل کو یقینی بنائیں. بارش کے خطرے سے دوچار علاقوں کی انتظامیہ 20 جولائی تک سیلاب کے امکانات کے حوالے سے حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب دریائے چناب، راوی، ستلج اور اس سے منسلک نالوں کے گرد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بروقت اطلاع دیتے ہوئے انخلاء کو یقینی بنائے. ریسکیو سروسز، افواج پاک، متعلقہ علاقوں میں متحرک این جی اوز خطرے سے دوچار علاقوں میں ایمرجنسی عملہ/مشینری اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنائیں. متعلقہ ادارے پانی کے زیادہ بہاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے مروجہ ظابطے کے تحت ہنگامی پروٹوکول کو نافذ کریں اور چینلنگ کے ذریعے پانی رابطہ نہروں میں ڈالا جائے. تمام متعلقہ انتظامیہ و ادارے فعال ہم آہنگی و رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں.
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں