اسلام آباد (پی این آئی) مون سون بارشوں سےمتعلق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پرجاری بیان کے مطابق لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں شدید گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔
جبکہ دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلک نالوں(بھمبر، ایک، دیگ، پالکھو اور بسنتر) میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اسکے ساتھ میونسپل علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے جبکہ کراچی، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد، بدین، شہید بینظیر آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔شمال مشرقی بلوچستان کے شہر سبی، ژوب، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، خضدار، بارکھان، لورالائی، ڈیرہ بگٹی اور لسبیلہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ خیبرپختونخوا کے شہر بنوں، ڈی آئی خان، مالم جبہ اور بالاکوٹ میں بارش متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں بالخصوص لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں ایمرجنسی عملہ و مشینری بشمول ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی یقینی بنائیں۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئےانڈر پاس اور نشیبی سڑکوں سے نکاسی آب آپریشن کے دوران متبادل ہنگامی ٹریفک پلان کو یقینی بنایا جائے،انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھے۔عوام کو بارشوں کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھیں. متعلقہ شہروں کی ریسکیو سروسز اپنے عملے کی موجودگی یقینی بنائیں اور مقامی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں.
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں