مون سون کا پہلا اسپیل مزید طویل ہوگیا، بارشیں مزید کتنے روز جاری رہنے کی پیشنگوئی کر دی گئی؟

لاہور (پی این آئی) لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کا پہلا اسپیل ختم ہونے کے بجائے طویل ہو گیا، پنجاب کے مختلف شہروں میں پیر تک بادل مزید برسنے کی پیشن گوئی، اربن فلڈنگ کے خدشے کے باعث متعلقہ حکام کو الرٹ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کا اسپیل مزید بڑھنے کی پیش گوئی کر دی، مون سون کی بارشیں 8 کے بجائے 10 جولائی تک رہیں گی۔بارشوں کے حوالے سے واسا سمیت دیگر اداروں کو الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

جبکہ پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے متعلق 24 گھنٹوں کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق پنجاب میں بارشوں سے مختلف حادثات میں17 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق گوجرانوالہ میں 6، لاہور 4 ، شیخوپورہ،اورچکوال میں3 ،3 ،جھنگ اور فیصل آباد میں ایک ایک شخص کی ہلاکت ہوئی جب کہ مختلف حادثات میں 49 افرادزخمی ہوگئے۔محکمہ موسمیات نے آج 8جولائی سے 10 جولائی تک دریائے چناب، ستلج اور راوی سے متصل علاقوں میں تیزبارش کی پیش گوئی ہے، شدید بارشوں سے مشرقی دریاؤں میں پانی کا بہاؤبڑھنے لگا ہے جب کہ نشیبی علاقے زیرآب آنیکاخدشہ ہے، تیز بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کاخطرہ ہے۔دوسری جانب صبح سویرے راولپنڈی اور اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش شروع ہوئی۔ادھر مظفر آباد شہر اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش جاری ہے جب کہ چلاس شہر اور مضافات میں بارش جاری ہے۔

دوسری جانب سندھ اور ملک کے مشرقی حصے پر بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے 9 جولائی تک سندھ کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے حوالے سے مختلف اضلاع کے ڈی سیز کو الرٹ جاری کردیا، ترجمان کے مطابق مون سون سندھ اور ملک کے مشرقی حصوں میں اثر انداز ہو رہا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بدین، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، شکارپور میں بارش ہوگی۔پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ کشمور، سکھر، دادو اور جامشورو میں 9 جولائی تک بارش کا امکان ہے، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ کراچی، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، ٹھٹھہ، سجاول میں 9 جولائی تک بارش ہو سکتی ہے اس لیے متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close