مون سون بارشیں غیرمعمولی شدت اختیار کرنے کیلئے تیار، بڑا خطرہ پیدا ہوگیا

لاہور (پی این آئی) مون سون بارشیں غیر معمولی شدت اختیار کرنے کیلئے تیار، کئی دریاوں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے بڑے درجے کے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین موسمیات نے آنے والے دنوں میں مون سون بارشوں کی شدت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

 

 

 

 

جمعرات کو نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے، لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کی۔کانفرنس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پنجاب، محکمہ موسمیات پاکستان، فیڈرل فلڈ کمشن، صوبائی ادارہ برائے نکاسی آب(ارسا)، واپڈا (منگلا ڈیم) اور ریسکیو 1122 کے حکام سمیت اہم معاون اور متعلقہ اداوں نے شرکت کی۔کانفرنس نے دوران محکمہ موسمیات کے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ حالیہ مون سون بارشوں میں غیر معمولی شدت کا امکان ہے۔ بتایا گیا کہ 8 تا 10 جولائی تک دریائے ستلج، راوی، چناب کے بالائی علاقوں اور جہلم کے چند مقامات پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ دریائے چناب کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کے باعث دریائے راوی اور چناب کے نالوں میں بڑے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔

 

 

 

اس حوالے سے چئیرمین این ڈی ایم اے نے فیڈرل فلڈ کمشن کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پنجاب اور صوبائی ادارہ برائے نکاسی آب پنجاب کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں رہیں اور نکاسی آب کے علاوہ ڈیموں میں پانی ذخیرہ کے حوالے سے بھی ضروری اقدامات کریں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام میں آگا ہی مہم چلائیں۔دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ سیلاب سے نمٹنے کی موئثر حکمت عملی تیار رکھیں اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں۔ ایم ڈی ایم اے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے ک وہ مون سون اور بارشوں کے حوالے سے باخبر رہیں اور ہنگامی صورتحال کے دوران مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں