کراچی (پی این آئی) لاہور کے بعد کراچی میں بھی موسلادھار بارشوں اور شدیدآندھی کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کے دوران 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تند و تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہنگامی اقدامات کے احکامات جاری کیے ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے شعبۂ ایئر سائیڈ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہلکے وزن کے ہوائی جہازوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ، رن ویز اور ٹارمک ایریا میں کسی بھی تصادم کے خدشے کا باعث بننے والے آلات کو بھی حساس مقامات سے حتی الامکان دور کیا جائے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران مختلف قسم کے حشرات الارض کے خاتمے کے لیے سپرے کو یقینی بنایا جائے، جہازوں سے پرندوں کو دور رکھنے کے لیے اضافی برڈ شوٹرز تعینات کیے جائیں ، ایئر فلڈ لائٹنگ پارٹی رن ویز اور اطراف میں موجود تمام برقی آلات کی کارکردگی کو یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں