بارشیں کب تک جاری رہیں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کردی

لاہور (پی این آئی) ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) عمران قریشی نے کہا ہے کہ 9 جولائی سے دریائے جہلم، چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہا ؤمیں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے سے دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

 

 

 

انہوں نے جاری کردہ الرٹ بارے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ آج اور کل کے دوران لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، جہلم، اٹک، چکوال، میانوالی، گوجرانوالہ،ساہیوال،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، ملتان، ڈی جی خان، بھکر، لیہ اور تونسہ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال، گجرات، جہلم، اٹک، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور منڈی بہاؤالدین میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ 06 سے 08 جولائی کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا امکان ہے جبکہ منگل سے 07 جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 

 

 

اسی دوران مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود رہے گا۔انہوں نے متعلقہ اداروں سمیت پنجاب بھر کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار رہیں۔ ضلعی انتظامیہ، واسا، میونسپل کمیٹیز اور محکمہ ایریگیشن سمیت دیگر ادارے مشینری اور عملہ کو ہمہ وقت تیار رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے قریب آبادیوں میں بسنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور پانی کی گزرگاہوں سے ناجائز تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز سمیت دیگر ادارے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی رپورٹنگ کو بروقت یقینی بنائیں تاکہ فوری ریسکیو کاروائیوں کا آغاز کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مسافر حضرات موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ تیز آندھی اور بارشوں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، نقصانات سے بچنے کے لیے شہری حکومت کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close