لاہور (پی این آئی) مون سون کے دوران درجہ حرارت قدرے معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ، معمول سے زیادہ درجہ حرارت سے گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار بڑھنے کا خدشہ، گلیشیئرپگھلنے کے سبب برسٹ فلڈ کا خطرہ بڑھ جائے گا، جولائی تا ستمبر کے دوران کئی علاقے ہیٹ ویو کی زد میں بھی رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ستمبر تک کئی علاقوں میں معمول سے زیادہ جبکہ کئی علاقوں میں معمول سے کم بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے، جبکہ مون سون سیزن کے دوران غیر معمولی ہیٹ ویو کے خدشے کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جولائی تک ستمبر تک بالائی پنجاب، آزاد جموں وکشمیر اور خیبرپختونخواہ میں معمول سے قدرے زیادہ بارشوں کی توقع ہے۔جبکہ گزشتہ سال سیلاب ک شکار ہونے والے سندھ اورب لوچستان کے جنوب مغربی حصوں میں مون سون کے دوران معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے۔رواں سال مون سون سیزن کے دوران سندھ میں 17فیصد جبکہ بلوچستان 11فیصد کم بارشیں ہوسکتی ہیں۔ سندھ میں مون سون میں معمول کی اوسط بارش 116ملی میٹرجبکہ بلوچستان میں 52ملی میٹر ہے۔ محکمہ موسمیات نے رواں سال مون سون سیزن کے دوران کئی علاقوں میں غیر معمولی ہیٹ ویو سے متعلق بھی خبردار کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں مون سون کے دوران درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔خاص کر بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں، بالائی خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں غیرمعمولی درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے۔ شمالی پنجاب، آزاد جموں وکشمیر اور خیبرپختونخواہ میں معمول سے زیادہ بارش ہونے کے سبب فلیش فلڈنگ کا امکان ہے۔ شمالی پنجاب، آزاد جموں وکشمیر اور خیبرپختونخواہ میں معمول سے زیادہ بارشوں کی وجہ سے آبی ذخائر اور زیر زمین پانی کی سطح کو بھرنے میں مدد ملے گی۔جبکہ وسطی اورجنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں معمول سے قدرے کم بارش کی وجہ سے کپاس کی کاشت والے علاقوں میں پانی کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ جبکہ جنوبی علاقوں میں معمول سے کم بارشوں کی وجہ سے سندھ اوربلوچستان کے علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے گلیشیئرزکے پگھلنے کی رفتار بڑھنے کا خدہ ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان کے علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے گلیشیئرزکے پگھلنے کی رفتار بڑھ سکتی ہے۔گلیشیئر پگھلنے کی رفتار بڑھنے سے برسٹ فلڈ کا خطرہ بڑھ جائےگا۔ مون سون سیزن کے دوران غیر معمولی ہیٹ ویو کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ، بلوچستان اور زیریں پنجاب میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے سبب بعض مقامات پرہیٹ ویو کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں