اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات نے عید پرگرج چمک کےساتھ شدیدبارشوں کی پیش گوئی کر دی، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں کوچوکس رہنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اےنے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران پری مون سون بارشوں کے پیش نظر عوام کی وسیع پیمانے پر آگاہی کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیرکے طورپرضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس سلسلہ میں عام عوام، مسافروں اورسیاحوں کیلئے تیزہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارشوں کے پیش نظراحتیاطی تدابیرکے بارے میں پیغامات وانتباہات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے، متعلقہ عملے کی تعیناتی اورضروری سامان وآلات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت پرزوردیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ وفاقی وزارتوں ومحکموں، صوبائی حکومتوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے صوبائی وعلاقائی اداروں اورمقامی انتظامیہ کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ادھر لاہور شہر میں پیر کی صبح ہونے والی بارش بھاری مقدار میں بارش کا نیا ریکارڈ بن گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 6 گھنٹے 47 منٹ میں 262 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ گزشتہ سال 238 ملی میٹر بارش10 گھنٹوں میں ہوئی ، جبکہ 2018 میں 288 ملی میٹر بارش 14 گھنٹوں میں ریکارڈ کی گئی تھی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں