سیلابی صورحال کا خدشہ، بارشیں کب تک جاری رہیں گی؟ موسمی الرٹ جاری

لاہور(پی این آئی) ملک میں ہفتہ سے موسلادھار بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا جس سے 30 جون کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بلوچستان کے علاقے واشک میں موسلادھاربارش نے تباہی مچادی۔

نشیبی علاقے زیرآب آگئے، کئی گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں، کھڑی فصلیں بارش کے پانی کی نذر ہوگئیں۔ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی حفاظتی بند سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم رہا، محکمہ موسمیات نے پنجاب میں آج سے بارش کی نوید سنادی۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) پنجاب کے مطابق عید پر بھی موسم خوش گوار رہنے کی توقع ہے، صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹس ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کہا کہ اتوار سی30 جون کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی اور سرگودھا میں بارش ہو سکتی ہے۔ حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالا، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 سے 29 جون کیدوران ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔موسلادھار بارشوں سے 26 اور 27 جون کو لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالا میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 27 جون کو ڈی جی خان میں سیلابی صورت حال کا اندیشہ ہے، مسافر اور سیاح حضرات ناخوشگوار صورتِ حال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔حکام کے مطابق کسان حضرات برساتی موسم کی مطابقت سے زرعی معاملات ترتیب دیں، آندھی، شدید بارشوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز وغیرہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے، شہری ہنگامی صورتِ حال میں مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر کال کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں