شہری بارشوں کیلئے ہوجائیں تیار، سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) پی ڈی ایم اے نے بارشوں کی نوید سنا دی، 25 جون سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

 

 

پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 26 سے 30 جون تک لاہور، اسلام آباد ، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارش کا امکان ہے۔ میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاءالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے، 26 سے 29 جون تک ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر ، لیہ اور کوٹ ادو کے علاوہ بہاولپور میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ میں بھی 26 سے 29 جون تک بارشیں متوقع ہیں۔لاہور ، اسلام آباد ، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موسلادھار بارشوں سے 27 جون کو ڈی جی خان میں سیلابی صورت حال کا اندیشہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں