لاہور (پی این آئی) ملک میں گرمی کی خطرناک لہر کی آمد کی پیشن گوئی۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو اس ہفتے شدید گرمی کی لہر سے خبردار کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت بتدریج بڑھنے کا امکان ہے اور ملک کے کچھ حصوں میں گرمی کی لہر جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے تازہ ترین الرٹ کے مطابق بالائی فضا میں ہائی پریشر کی موجودگی کے باعث 20 سے 24 جون تک ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔ بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر میں دن کا درجہ حرارت معمول سے6 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ اور سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں معمول سے4 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔اس دوران ملک کے میدانی علاقوں اور پہاڑی علاقوں میں گردوغبار/گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب میں اضافہ ہوگا۔ زندگی کے تمام شعبوں میں بجلی اور پانی کے درست استعمال کی درخواست کی جاتی ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس کے مطابق فصلوں کے پانی کا انتظام کریں۔ عام لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ براہ راست سورج کی روشنی میں غیر ضروری جانے سے گریز کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں