پاکستان کا وہ علاقہ جہاں جون کی سخت گرمی میں برفباری کا آغاز ہوگیا

چلاس (پی این آئی) سال کے سب سے گرم مہینے جون میں ملک کے مشہور سیاحتی مقام پر برفباری کا آغاز۔ تفصیلات کے مطابق سال کے سب سے گرم ترین مہینے جون میں جہاں ایک جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج آگ برسا رہا ہے، تو دوسری جانب ملک کے ایک مشہور سیاحتی مقام نے منگل کی شام کو برف کی چادر اوڑھ لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بابوسر ٹاپ پر برفباری کے باعث موسم سرد ہو گیا، جبکہ چلاس اور دیگر کچھ شمالی علاقوں میں موسلادھار بارش جاری ہے۔

 

اس تمام صورتحال میں سیاحوں اور مقامی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخواہ میں بدھ سے تیز ہواؤں اور بارشوں کا نیاسلسلہ شروع ہونے کاامکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے اسپیل کے دوران درجہ حرارت قدرے کم ہونے کا امکان ہے۔

 

 

 

بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 18 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے اسپیل کے دوران طوفان کی صورت عوام بجلی کی تاروں، کمزور تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔ ضلعی سطح پر طبی عملے اور ادویات سمیت بنیادی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے۔ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پی ڈی ایم اے،پی ای او سی کو صورتحال کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 15 جون سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں