لاہور (پی این آئی) ایک جانب سمندری طوفان کی آمد، دوسری جانب بارشوں کا طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار،الرٹ جاری، مغربی ہواوں کا سسٹم کل ملک میں داخل ہو گا۔
13 جون سے 18 جون تک ملک کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 13 جون سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 14 جون اسلام آباد، مری، راولپنڈی اور اٹک میں بارش کا امکان ہے، اسی دوران چکوال اور سیالکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، ہری پور، چارسدہ، صوابی، پشاور، مردان میں بھی بارش متوقع ہے۔ ممکنہ سمندری طوفان کا سامنا کرنے والے صوبہ سندھ کے اضلاع ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر میں 13 سے 17 جون کے دوران بارش کا امکان ہے،اسی طرح 13 سے 17 جون تک میرپورخاص اور عمرکوٹ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔14 سے 16 جون تک کراچی، حیدر آباد، سانگھڑ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔14 سے 16 جون سکھر اور لاڑکانہ کے ساتھ ساتھ صوبہ بلوچستان کے اضلاع ڑوب، بارکھان، قلات، خضدار اور نصیر آباد میں بھی بارش کا امکان ہے، 15 سے 18 جون کو کشمیر، گلگت بلتستان، چترال اور سوات میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ ڑالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کراچی کے جنوب میں 600 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ سمندری طوفان ٹھٹھہ کے جنوب میں 580 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔سمندری طوفان 14 جون کی صبح تک مزید شمال کی جانب بڑھے گا۔محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کردی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں