بارش برسانے والا طاقتور سسٹم ملک میں داخل، خطرے کی گھنٹی بج گئی

اسلام آباد(پی این آئی) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 27 سے 28 اپریل کے دوران ملک کے زیادہ تر حصے بارش برسانے والا طاقتور سسٹم کے زیر اثر آ جائیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ دن ملک کے بیشترمقامات پر مطلع صاف، موسم خشک اور گرم رہے گا، پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے تاہم 27 سے 28 اپریل کے دوران بارشیں برسانے والا ایک طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہوگا جس کی وجہ سے ملک بھر میں 6سے 7 مئی تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کاکہنا ہے کہ اس سسٹم کی وجہ سے سندھ میں کہیں تیزکہیں موسلادھاربارش اور کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور تھنڈر اسٹورم بننے پر آندھی اوربجلی گرنےکا بھی خدشہ رہے گا، خیبر پختونخوا کے 90 فیصد علاقوں میں اس سسٹم کے زیراثربارش کا امکان ہے۔

صوبے کے مختلف مقامات پرآندھی اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے، اس کے علاوہ پنجاب کے 90 فیصد علاقوں میں کہیں تیز، کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، پنجاب کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے 80 سے90 فیصد علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کاخطرہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close