محکمہ موسمیات نے مزید کتنے دن بارشوں کی پیشنگوئی کر دی؟ ہلچل مچ گئی

اسلام آباد(پی این آئی) محکمہ موسمیات نے کل سے بالائی خیبر پختونخوا ،بلوچستان مشرقی پنجاب ،بالائی سندھ اور کشمیرمیں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی بارش کا سلسلہ ان علاقوں میں اتوار تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے ۔اس دوران مری، گلیات اور پوٹھوار میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کےمطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے ۔جب کہ اقوامِ متحدہ کی ایجنسی ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال پاکستان میں بارشوں اور پگھلتے گلیشیئرز سے سیلاب نے لاکھوں افراد کو بے گھر کیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں رکارڈ بارشوں اور افریقا میں قحط نے لاکھوں افراد متاثر کیے، چین اور یورپ کی بے پناہ گرمی نے بھی لاکھوں افراد کو متاثر کیا۔ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے مطابق بڑھتا عالمی درجہ حرارت اور پگھلتے گلیشیئرز پاکستان کے لیے بری خبر ہے، پاکستان میں 7000 گلیشیئرز ہیں، یہاں کے گلیشیئرز قطبین کے علاوہ دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بڑھتی گرمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں نے دنیا میں غذائی قلت بڑھا دی ہے جس سے لوگ ہجرت پر مجبور ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا کے گلیشیئرز ڈرامائی انداز میں پگھل رہے ہیں، گرین ہاؤس گیسز کا رکارڈ اخراج دنیا پر بری طرح اثر انداز ہو رہا ہے، پچھلے 8 سال کرہ ارض کے گرم ترین سال رکارڈ ہوئے رپورٹ میں کہا گیا کہ گرین ہاؤس گیسز جیسے کاربن ڈائی آکسائڈ کا اخراج رکارڈ سطح کو چھو گیا ہے، 2013 سے 2022 کے دوران سمندر کی سطح 4.62 ملی میٹر کی شرح سے بلند ہوئی، سمندر کی سطح بلند ہونے کی شرح 1993 سے 2002 کی شرح سے دگنی ہوگئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close