گرمی کے موسم میں شدید سردی، ملک کے کئی علاقوں میں برفباری سے سردی لوٹ آئی

مانسہرہ (پی این آئی) گرمی کے موسم میں شدید سردی، ملک کے کئی علاقوں میں برفباری سے سردی لوٹ آئی، چلاس، ناران سمیت گلگت بلتستان اور خیبرپختوںخواہ کے کچھ علاقوں نے برف کی چادر اوڑھ لی۔

ضلعی انتظامیہ مانسہرہ کی جانب سے عیدالفطر پر سیاحوں کیلئے سیاحتی مقام ناران میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔ڈپٹی کمشنر راؤ بلال کا کہنا ہے کہ شاہراہ کاغان پرلمی چٹی چٹہ کٹھہ اورکالی مٹی کے مقام پر تاحال بند ہے، آج مزید برفانی تودے شاہراہ پر گرے ہیں، مسلسل بارشوں کی وجہ سے برف ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے، موسم صاف ہوتے ہیں شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام شروع ہوجائے گا۔عیدالفطر پر سیاحتی مقام ناران بند رہے گا،کاغان ، شوگراں اور بالاکوٹ سیاحوں کیلئے کھلے رہیں گے۔دوسری جانب چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نیلم/ ڈپٹی کمشنر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد مقاما ت پر متأثرہ شاہرائے نیلم کو بحال رکھنے کے لئے محکمہ شاہرات مصروف عمل ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، عوام غیر ضروری بالخصوص رات کے اوقات کار میں سفر سے اجتناب کریں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاح نیلم کا سفر اختیار کرنے سے پہلے ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سفر اختیار کرنے سے پہلے گاڑی کا مکینیکل چیک اپ کروائیں، سفر کے دوران تیز رفتاری سے اجتناب برتیں اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال ہر گز نہ کریں، لانگ ڈرائیو حادثے کا سبب بن سکتی ہے ،سفر کے دوران مختلف مقامات پر آرام کریں تا کہ تھکاوٹ کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شاہرائے نیلم سیماری، دنجر، لوات، دواریاں، کیل سیری اور مارگلہ کے مقامات پر ایکٹیو لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے جس کو بحال رکھنے کے لیے محکمہ شاہرات کا عملہ مشینری کے ہمراہ موقع پر موجود ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں