شاسلام آباد(پی این آئی) ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جو 20 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث گرمی میں کمی ہو گئی جب کہ کئی علاقوں میں موسم دوبارہ سرد ہو گیا۔صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، ٹھنڈی ہوائوں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، ڈیوس روڈ، فیروز پور روڈ، شالیمار، باغبانپورہ، گوالمنڈی، گلشن راوی اور سمن آباد میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔سانگلہ ہل میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔قصور میں بھی بادل جم کر برسے اور ژالہ باری ہوئی جس کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے اور متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔رمضان المبارک سے قبل ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں گرچ چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ، خیبرپختونخوا میں بارش متوقع ہے۔کوئٹہ، ژوب ، چمن زیارت ،لسبیلہ، سبی ، نصیر آباد، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، میانوالی،سرگودھا ، لاہور ، سیالکوٹ ، ملتان اور مری سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں کوئٹہ سمیت بلو چستان کے مختلف اضلاع میں آندھی اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،صوبے میں اگلے تین روز تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کوصوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہاجبکہ کوئٹہ، ژوب، چمن، زیارت، خضدار، قلات، بارکھان، سبی اور نصیر آباد میں آندھی اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جا ری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مغر بی ہوائیں 16مارچ کو داخل ہوگئی ہیں جس کے باعث اگلے تین روز جمعہ تا اتوار تک کوئٹہ، ژوب، خضدار، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن ،پشین ،زیارت، خضدار، قلات، لسبیلہ ،بارکھان ، سبی اور نصیر آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بارش کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں