محکمہ موسمیات نے طوفانی بارشوں کے طویل سلسلے کی پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد(پی این آئی)ملک بھر میں 15 مارچ سے طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی ہے پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ 15 مارچ سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ اپریل کے پہلے ہفتے تک جاری رہیں گے جبکہ اس دوران بیشتر علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے باعث گندم کی تیار فصل کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں کیونکہ ملک پہلے ہی غذائی قلت کا شکار ہے اور گندم کی امدادی قیمت میں اضافے سے آٹے کی قیمتوں میں بڑااضافہ ہونے کا امکان ہے جس سے مہنگائی کے ہاتھوں پہلے سے پریشان عام شہریوں خصوصا تنخواہ دار طبقے کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔گندم کے علاوہ ملک میں گزشتہ سال کے مقابلے میں چاول کی قیمتوں میں بھی دوگنا سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے اور سال2022کے آغازتک بہترکوالٹی کا باسمتی چاول 150روپے سے 170روپے کلو تک دستیاب تھا جوکہ اب 350روپے کلو تک پہنچ چکا ہے اس صورتحال میں ملک میں بدترین غذائی بحران پیدا ہونے کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں کیونکہ اسی دوران پیاز250روپے فی پانچ کلو سے 750روپے فی پانچ کلو تک پہنچ چکا ہے ‘برائلرمرغی کا گوشت 280روپے فی کلو سے 600روپے کلو تک جاپہنچا ہے ۔حکومت کی جانب سے بجلی ‘تیل ‘گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے ‘ڈالربے قابو ہونے اور افراط زرمیں تاریخی اضافے سے اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے جبکہ عام شہریوں کی آمدن اور روزگار میں کمی واقع ہورہی ہے ماہرین کا کہنا ہے کہ جس تیزی سے شہریوں کی قوت خرید میں کمی واقع ہورہی ہے اس سے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو شدید خطرات لاحق ہورہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ پر ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گندم کی فصل متاثرہوئی تو ملک میں خوراک کی شدید کمی واقع ہونے کا خطرہ ہے ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو کوئی بھی حالات پر قابو نہیں پاسکے گا. محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بلوچستان، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں، ژالہ باری اور برفباری کا بھی امکان ہے جس کے باعث ایک بار پھر موسم سرد ہونے سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا اورتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے تقریبا 15، 20 روز تک جاری رہے گا جبکہ سیاحوں سے شمالی علاقہ جات کے سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے.

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں