محکمہ موسمیات نے شدید برفباری کی پیشنگوئی کر دی، الرٹ جاری

مری (پی این آئی) ملک کے معروف سیاحتی مقام مری میں شدید برفباری کی پیشگوئی کے بعد سیاحوں کو پیشگی خبردار کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے ماطبق بدھ اور جمعرات کو مری میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس کو مدنظر رکھتے ہوئے کمشنر راولپنڈی ثاقب منان نے مری جانے والے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ مری سیاح کھانے پینے کی مکمل تیاری اور گاڑی کے ٹائروں پر چڑھانے کیلئے چین ساتھ رکھیں کیوں کہ ‏محکمہ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کو مری میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے، اس لیے سیاح پریشانی سے بچنے کیلئے ہوٹل کی بکنگ کنفرم کریں اس کے علاوہ سیاح مزید کسی بھی قسم کی معلومات کیلئے مری میں قائم 13 ٹورسٹ فسیلیٹیشن سنٹرز سے رابطہ کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ سیاحتی سیزن کے دوران مری میں بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور انتظامیہ نے گاڑیوں کی آمد و رفت کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت مخصوص تعداد سے زیادہ گاڑیوں کے مری میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

شہر میں 8 ہزار گاڑیاں داخل ہونے کے بعد مزید گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ملے گی، مری جانے والے سیاحوں کو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، سیاحوں کو تلقین کی گئی ہے کہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا فیصلہ کریں، کسی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ انتظامیہ یا پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔معلوم ہوا ہے کہ ریلیف کمشنر پنجاب نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت مری میں برف باری کے بارے میں پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا، شرکاء کو ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی سی مری نے مری میں برف باری میں انتظامات بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، سنٹرل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا اور پی ڈی ایم کے پراونشینل کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔

ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 ، پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار اضافی تعداد میں تعینات کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ریلیف کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ سڑکوں پر کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو، برفباری سے نمٹنے کے لیے گرینڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا جائے، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مری کے تمام روڑز کی مانیٹرنگ کی جائے، مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر کے تمام ادارے کوارڈی نیشن کے عمل کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے، سیاحوں کے لیے پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے جائیں، تمام محکمہ جات برفباری کے حوالے فوکل پرسن مقرر کریں، ٹورازم سکواڈ کے جوان سڑکوں پر گشت کو یقینی بنائیں، سڑکوں پر تعینات افسران اور اہلکاروں کی حاضری چیکنگ کو یقینی بنایا جائے، برفباری سیزن کے دوران ضلع مری میں تعینات افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ نہ کی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close