سردیاں تو اب شروع ہوئیں، محکمہ موسمیات نے بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی) بارش اور برفباری کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار، ملک کے مختلف علاقوں میں 7 جنوری سے 12 تاریخ تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارش اور برفباری کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہو رہا ہے جس سے کوئٹہ، زیارت اور چمن سمیت شمالی بلوچستان میں ( ہفتہ اور اتوار)بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ چترال، سوات، مالاکنڈ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بھی بادل برسیں گے، ان علاقوں مین بارش سے درجہ حرارت میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورمطلع ابر آلود رہے گا تا ہم شمالی بلوچستان ، خیبر پختو نخوا، گلگت بلتستان ،خطہ پوٹھوہاراور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برف باری کی توقع ہے جبکہ پنجاب ،خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں اوربالائی سندھ میں ہلکی دھند کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلو چستان میں شدید سرد رہا، پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ اس دوران ملک میں کم سےکم درجہ حرارت لہہ منفی 15،سکردو منفی 14،استور ،گوپس منفی 10،ہنزہ منفی 08 ، قلات، کالام منفی 07، گلگت ،بگروٹ منفی 06 اور پاراچنار میں منفی 05ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جبکہ دوسری جانب گلگت بلتستان میں سیلانی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈی ڈی ایم اے گلگت کیپٹن (ر) اُسامہ مجید چیمہ نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے پیشگوئی کے مطابق مورخہ 06جنوری سے 9جنوری 2023 کے دوران ضلع گلگت میں بارش کا امکان ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کا پھسلنا،لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں سیلاب کا امکان ہے، بارشوں اور برفباری کے باعث زمینی آمد و رفت معطل ہونےکا خدشہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close