شہری ہو جائیں تیار۔۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں سے متعلق نئی پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گلگت بلتستان ، کشمیر اور گردو نواح میں مزیدبارش اور برفباری کی توقع ہے ۔ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ خیال رہے کہ جمعرات کو ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری ،گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرداورمطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ صبح کے اوقات میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ،فیصل آباد،جھنگ، سرگودھا،ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر،ملتان ، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم سکھر ، لاڑکانہ، حیدر آباد، موہنجوداڑو میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ کوہستان، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں صبح کے اوقات میں بارش کا امکان ہے ۔ پشاور،رشکئی ، نوشہرہ، مردان، صوابی ،چارسدہ ا ور ڈی آئی خان میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں