کڑاکے کی سردی کیلئے ہوجائیں تیار، بارشیں برسانے والا سسٹم ملک میں داخل، پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات نے 28 دسمبر سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق طویل خشک موسم کے بعد بارش اور برفباری کا باعث بننے والا ایک سسٹم بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں سے ملک میں داخل ہو چکا ہے۔بارش اور برفباری کا باعث بننے والا یہ سسٹم 28 اور 29 دسمبر کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہو گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 29 دسمبر تک کوئٹہ، ژوب، بارخان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ ، چمن، پشین، گوادر، جیوانی ،تربت، پنجگور، قلات، خضدار، سبی، نصیر آباد اور لسبیلہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔28 دسمبر کی رات اور 29 دسمبر کو کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، پشاور، چارسدہ، باجوڑ،کرم، وزیرستان، کوہاٹ، سرگودھا، اسلام آباد، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔اس دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اوربھکر میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش بارانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی جب کہ دھند کی شدت میں بھی کمی کا امکان ہے تاہم برف باری پہاڑی علاقوں میں گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا باعث بن سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں