محکمہ موسمیات نے ہلکی بارش اور برفباری کی پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ پنجاب ،خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند پڑنےکا سلسلہ جاری رہے گا۔

اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار اور کشمیر کے اضلاع میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری ،گلیات اور گرد و نواح میں شدید سرد اور خشک رہے گا ۔ جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ،فیصل آباد،جھنگ، سرگودھا،ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر،ملتان ، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں شدید دھند پڑنےکا سلسلہ جاری رہے گا۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم رات اور صبح کے اوقات میں سکھر ، لاڑکانہ، حیدر آباد، موہنجوداڑو اورگردو نواح میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا تاہم پشاور،رشکئی ، نوشہرہ، مردان، صوابی ،چارسدہ ا ور ڈی آئی خان میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔رات کے اوقات میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ ، چمن ، زیارت اور گردو نواح میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں