آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارشوں کا امکان ہے یا نہیں؟ محکمہ موسمیات نے تفصیلی پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ پنجاب ،خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنےکی توقع ہے ۔خطۂ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کےروز پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری ،گلیات اور گرد و نواح میں شدید سرد اور خشک رہنے کا امکا ن ہے۔ رات اور صبح کے اوقات میں جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال سیالکوٹ،فیصل آباد، سرگودھا،ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگراورملتان میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں کل موسم سرد اور خشک رہے گاتا ہم صبح کےاوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ سکھر ، لاڑکانہ، حیدر آباد، موہنجوداڑو اورگردو نواح میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

 

 

 

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا ۔ پشاور،رشکئی ، نوشہرہ، مردان، صوابی چارسدہ ا ور ڈی آئی خان میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں موسم سرد اور خشک جب کہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا جب کہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں