لاہور (پی این آئی) خوب دھند پڑے گی، پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو گی، تاہم رواں ماہ کے دوران بارشیں کم ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق ماہ دسمبر کیلئے ملک میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق رواں سال کا آخری مہینہ ساتھ خشک جاڑا لائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر میں ٹھنڈ خوب پڑے گی، سندھ، پنجاب، خبیر پختونخوا میں دھند اور اسموگ کا راج رہے گا۔پہاڑوں پر برف بھی خوب برسے گی لیکن بارشیں کھل کر نہیں برسیں گی۔ دسمبر میں موسم ذیادہ خشک ہونے اور کم بارشوں کا امکان ہے تاہم بالائی علاقوں میں ایک دو اسپل آ سکتے ہیں۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی صورتحال کے حوالے سے بھی رپورٹ جاری کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ملک کے میدانی علاقوں میں خشک اور سرد موسم کی وجہ سے شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق میدانی علاقوں میں مسلسل خشک موسم کی وجہ سے رات اور صبح کے اوقات میں دھند کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ گلگت بلتستان، کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں موسم شدید سرد ہونے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، ما نسہرہ، کوہستان اور کشمیرسمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش، برفباری ہونے کا بھی امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں دھند کے باعث شہریوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ ماہ دسمبر کا آغاز ہونے کے بعد سے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم کافی سرد ہو چکا ہے۔ پنجاب میں سردی کی شدت اب بھی قدرے کم ہے، تاہم آنے والے دنوں میں زبردست سردی پڑنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں