ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہو گئی

ایبٹ آباد (پی این آئی) گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہوگئی،سردی کی شدت میں اضافے سے درجہ حرارت نقطہ انجماد تک گر گیا،علی الصبح سے برف باری کا سلسلہ شروع ہواجووقفے وقفے سے جاری ہے۔

 

 

 

ترجمان جی ڈی اےاحسن حمید کے مطابق چھانگلہ گلی میں تین انچ کے قریب برفباری ہو چکی ہے،سڑکوں کی صفائی اور بحالی کے انتظامات موجود ہیں،جی ڈی اے کی مشینری اورسٹاف سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف عمل ہے،گلیات کی اونچی چوٹیوں پر تین انچ کے قریب برف پڑچکی ہے،انھوں نے مزیدکہاکہ گلیات کی سڑکوں کو سیاحوں کیلئے ہر صورت کھلا رکھا جائیگا۔دوسری جانب آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش کا سلسلہ پیر کو بھی وقفہ وقفہ سے جاری رہا جبکہ پہاڑوں پر برف بھی ہوتی رہی جس کے باعث موسم کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا جس کے باعث شہریوں نے گرم کپڑے اور سوئٹر اور ہیٹر نکال لئے۔ پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل چھائے رہے ، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی۔

 

 

پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، سوات، خیبر اور دیگر علاقوں میں بارش سے درجہ حرارت گر گیا، منگل کو بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔سوات، مینگورہ، کالام ، بحرین ،مالم جبہ ، وادی لیپہ، بالاکوٹ ، ڈڈیال، اسکردو ، نتھیاگلی ، چترال اور دیر بھر میں گزشتہ رات سے مسلسل بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوتی رہی۔ لواری ٹنل ، کالاش کی وادیوں، مڈکلشٹ ،گرم چشمہ ، اپر چترال کے کھوت ،بروغل، یارخون ،تریچ سمیت کئی مقامات میں برفباری ہوئی اور تمام پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی،لاہور میں بھی ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع سوات اور مالم جبہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔سوات مالم جبہ کے علاوہ گلگت بلتستان کے ضلع غذر سمیت بالائی علاقوں میں بھی برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے تا ہم اب بھی ضلع غذر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ ،بابوسر ٹاپ ، نانگا پربت ، بٹوگاہ ٹاپ اور فیری میڈو کے پہاڑوں پر رات سے برفباری جاری رہی،ضلع دیامر کے شہر چلاس کے میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

 

 

آزاد کشمیر کے ضلع باغ ، سماہنی اور بھمبر میں تیز ہوائوں کی ساتھ بارش ہوئی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب کے علاقے ملتان، بہاولپور ،چیچہ وطنی ،سرگودھا،گجرات، مری، جبکہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث ان علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، اسلام آباد، بالائی، وسطی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں