لاہور (پی این آئی) موسم سرما کی پہلی بارش کیلئے تیار ہو جائیں، مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہو گئیں، برفباری کا بھی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بارشوں اور برف باری کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ مغربی ہوائوں کا ایک سلسلہ گزشتہ رات ملک میں داخل ہوا ہے جو کہ 7 نومبر تک موجود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ خیبر پختو نخوا،اسلام آباد، بالائی وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہا ڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔اس دوران بالائی خیبر پختو نخوا، کشمیر اور گرد ونواح میں چند مقامات پر موسلادھار بارش جبکہ خیبر پختو نخوا اوربالائی پنجاب میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔ملک کے بالائی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 5 سے 7 جبکہ جنوبی علاقوں میں 2 سے 4 سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے اور بارش کا سلسلہ ختم ہوتے ہی ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ بارش سے چاول کی کٹائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بارش کا یہ سلسلہ گندم کی بوائی میں فائدہ مند ثابت ہو گا۔
پنجاب میں بارشوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 5 سے 7 نومبر کے دوران لاہور، روالپنڈی، مری،اٹک،چکوال،جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، میانوالی، خوشاب،سرگودھا، حافظ آباد جھنگ اور فیصل آباد میں بھی تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔مری، اسلام آباد، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 5 اور 6 نومبر کو موسلادھار بارش متوقع ہے۔ 6 نومبر شام سے 7 نومبر تک ملتان، ڈی جی خان، بھکر اور لیہ، ساہیوال، اوکاڑہ، راجن پور اور مظفر گڑھ میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارش کی توقع ہے اور پہاڑوں پر برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں