لاہور (پی این آئی) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں بارش اور برف باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق محکمۂ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج شام ملک میں داخل ہو گا، جس کے تحت 5 سے 7 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کا امکان ہے۔ ماہرین نے پیشنگوئی کی ہے کہ اس سسٹم کے تحت گوجرانوالہ، گجرات، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، جھنگ اور فیصل آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
مغربی ہواؤں کے سلسلے کے تحت مری، اسلام آباد، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 5 اور 6 نومبر کو موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 6 نومبر کی شام سے 7 نومبر تک ملتان، ڈی جی خان، بھکر اور لیہ میں درمیانی بارش متوقع ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ساہیوال، اوکاڑہ، راجن پور اور مظفر گڑھ میں بھی بارش ہو سکتی ہے جبکہ پہاڑوں پر برف باری اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں دن میں درجۂ حرارت میں 5 سے 7، جنوبی علاقوں میں 2 سے 4 سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔موسمیات کے ماہرین کے مطابق بارش کا سلسلہ ختم ہوتے ہی ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہوں گے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بارش سے چاول کی کٹائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ یہ بارش گندم کی بوائی میں فائدہ مند ثابت ہو گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں