شہری جل تھل کیلئے ہوجائیں تیار، محکمہ موسمیات نے ٹھنڈی ٹھنڈی پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد ( پی این آئی ) ملک میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ تر علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بارش کا امکان ہے۔

 

بارش کی وجہ سے کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے جب کہ جنوبی مشرقی سندھ اور گلگت بلتستان میں آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔اسی طرح محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مرطوب ہوائیں داخل ہو رہی ہیں جس سے اگلے چار روز تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی، مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں11ستمبرکو داخل ہو گا، 14 ستمبر تک اسلام آباد، لاہور،پشاور،چترال،دیر، سوات،کوہستان، شانگلہ،بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ اور باجوڑ میں بھی بارش متوقع ہے۔اس کے علاوہ ان چار پانچ روز کے دوران مردان،چارسدہ ، صوابی ،نوشہرہ ، کرم ، کوہاٹ، وزیرستان، کشمیر،گلگت بلتستان، مری ، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، میانوالی، خوشاب،سرگودھا، حافظ آباد، بھکر،لیہ، مظفرگڑھ، تھرپارکر،عمرکوٹ،سانگھڑ، میرپورخاص،ٹھٹھہ اوربدین میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہےجب کہ سیلاب زدہ علاقوں میں مزید بارش سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

 

محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے تین اضلاع میںبھی 13اور 14ستمبر کو بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، بارشوں کے نئے سلسلے کے داخل ہونے کے بعد بلوچستان کے ضلع خضدار، قلات، لسبیلہ اور گرد ونواح میں 13اور 14ستمبر کو موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کا الرٹ جاری کرنے کے بعد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے محکمہ پی ڈی ایم اے نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنران کو الرٹ جاری کردیا ہے ، محکمہ پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ بارش کے باعث خطرے میں آنے والی آبادیوں کی نشاندہی اور ہنگامی صورتحال میں انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکام کو الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے ماہی گیروں کے کھلے سمندر میں جانے ، مسافروں کوغیر ضروری سفر ،پہاڑی علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close