لاہور (پی این آئی) آئندہ ہفتے بدھ تک پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل خوب برسنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بدھ تک آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان ، اسلام آباد ،راولپنڈی ، مری ، چکوال، دیر ،کوہستان، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، ہری پور میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔اٹک ، جہلم ،سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اتوار اور پیر کو دیر ،کوہستان، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، ہری پور میں بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ اس سال ملک میں مون سون بارشوں کا 30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں میں ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ،بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا۔ماہرین کے مطابق پاکستان موسمی تبدیلیوں کا شکار ہے۔ ماہرین کے مطابق مون سون رین سسٹم نے روایتی راستہ بدل کر سب تلپٹ کیا جس میں سارا عمل دخل بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت کا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں مون سون بارشیں برسانے والی ہوائیں روایتی طور پر خلیج بنگال سے ہی اٹھیں لیکن راستہ تبدیل ہونے کی وجہ سے بارشوں کی غیر روایتی شدت نے سب تلپٹ کردیا۔ترجمان محکمہ موسمیات بابر شہزاد نے کہا اس مرتبہ خلاف معمول مون سون ویدر سسٹم یکے بعد دیگرے بنے جس کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں یہاں تک کہ افغانستان تک بارشیں ہوئی ہیں۔ماہرین کے مطابق موسمی تبدیلیوں کے راستہ بدل بدل کر وار نے بچا ئوکیلئے بڑی تیاری کا بگل بجا دیا ہے جس کیلئے وقت کم اور مقابلہ سخت ہے۔حالیہ سیلاب نے جتنی تباہی مچائی ہے ایسے کسی مزید جھٹکے کا پاکستان ہر گز متحمل نہیں ہوسکتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں