اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیشین گوئی کی ہے، 10سے 13اگست کے دوران ملک میں مزید بارشوں کا امکان ہے، مون سون ہوائیں ملک میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جبکہ بدھ سے مون سون ہوائیں زیادہ شدت کے ساتھ ملک میں داخل ہونگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے منگل کے دوران کشمیر،اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب،بالائی خیبرپختونخوا،مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر وقفے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ بدھ سے 13 اگست کے دوران کشمیر،گلگت بلتستان،اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں وقفے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 8 اور 10سے12 اگست کے دوران موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ اس دوران راولپنڈی، اسلام آباد ، شکر گڑھ، سیالکوٹ، نارووال، ایبٹ آباد،مانسہرہ، دیر ،کرک،بنوں، لکی مروت، کشمیر مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔اس کے علاوہ 11 سے 13 اگست کے دوران موسلادھار بارش کے باعث کراچی،ٹھٹھہ،بدین،حیدرآباد، دادو،جام شورو،سکھر،لاڑکانہ،شہید بینظیرآباد اور میرپور خاص میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔
اس دوران قلعہ سیف اللہ ،لورالائی ،بارکھان،کوہلو، موسی خیل، شیرانی، سبی ، بولان، قلات، خضدار، لسبیلا، آواران، تربت، پنجگور، پسنی، جیوانی، اورماڑہ،گوادر اور ڈیرہ غازی خان کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔موسلادھار بارش کے باعث دریائے راوی، جہلم اور چناب کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی توقع ہے۔ اس دوران کشمیر،خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں،گلیات ، مری ،چلاس، دیامیر، گلگت،ہنزہ، استور اوراسکردومیں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں