مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل، شہریوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا، اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت کئی شہروں کا زیر آب آنے کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں اور اتھارٹیز کیلئے الرٹ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 20 جولائی سے مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

مون سون کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا موجب بنے گا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں اور اتھارٹیز کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کر دی۔بتایا گیا ہے کہ نئے سلسلے سے 24 سے 26 جولائی کے دوران کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، لاڑکانہ اور سکھر کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ لاہور،راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر، مری، گلگت، ہنزہ اور سکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا۔ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی سروسز کے عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کو سیلاب سے متاثرہ نشیبی علاقوں اور نالوں سے دور رکھا جائے ، فلڈ ایمرجنسی کی صورتحال میں لوگوں کے انخلا کو فوری طور پر شروع کیا جائے۔

 

بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے موزوں اقدامات کئے جائیں۔ اربن فلڈنگ کی صورت میں متعلقہ محکموں کو ڈی واٹرنگ پمپس اور پٹرول کی پیشگی موجودگی یقینی بنائیں ۔ این ڈی ایم اے نے کہا کہ متعلقہ ادارے مقامی آبادی کو سیلابی خطرات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں