20جولائی سے ملک میں بارشوں کے طاقتور سسٹم کی پیشنگوئی کر دی گئی، کتنے روز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا؟ موسمی رپورٹ آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پاکستان کے متعدد علاقوں میں مزید بارشوں کے پیش نظر نئی ایڈوائزری جاری کی ہے۔پاکستان میں محکمہ موسمیات نے 20 جولائی سے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا سبب بنے گا۔

 

منگل کو جاری کردہ ایڈوائزری میں این ڈی ایم نے متعلقہ محکموں اور اتھارٹیز کو کہا ہے کہ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی سروسز کے عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ایڈوائزری کے مطابق گاڑیوں کو سیلاب سے متاثرہ نشیبی علاقوں اور نالوں سے دور رکھا جائے اور فلڈ ایمرجنسی کی صورتحال میں لوگوں کے انخلا کو فوری طور پر شروع کیا جائے۔این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے موزوں اقدامات کیے جائیں۔اربن فلڈنگ کی صورت میں متعلقہ محکموں کو ڈی واٹرنگ پمپس اور پٹرول کی پیشگی موجودگی یقینی بنانے سمیت مقامی آبادی کو سیلابی خطرات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھنے کا کہا گیا ہے۔

 

منگل کو محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 20 جولائی سے مون سون ہوائیں داخل ہونے کے بعد 21 جولائی سے ملک کے دیگر علاقوں میں پھیل جائیں گی۔20 سے 26 جولائی کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، فیصل ااباد، جھنگ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور کہیں کہیں وقفے سے موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آنے، جب کہ پہاڑی مقامات اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کشمیر، گلیات، مری، چلاس، دیامر، گلگت، ہنزہ، استور اور سکردو میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق 21 سے 26 جولائی کے دوران بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ساہیوال، اوکاڑہ، بھکر، لیہ، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانپور میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش اور گرچ چمک اور کئی مقامات پر وقفے وقفے موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔22 سے 26 جولائی کے دوران ذوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، بولان، کوہلو، قلات، خضدار، لسبیلہ، نصیرآباد، جعفرآباد اور سبی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جب کہ 24 سے 26 جولائی سے سندھ کے تمام اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close