شہری تیار ہوجائیں، مون سون بارشوں کا سسٹم شدت اختیار کرگیا

کراچی(پی این آئی)مون سون ہواوں کا سسٹم شدت اختیارکرگیا ، جس کے باعث کراچی میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، شدید بارشوں سےاربن فلڈنگ کا خدشہ ‌ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ہیوی مون سون رین الرٹ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ شمال مشرقی بحیرہ عرب رن آف کچ راجستھان میں شدت اختیار کرچکا ہے۔

 

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج شام اور رات سے سسٹم میں شدت آنے کے سبب ہیوی بارشوں کے اسپیل متوقع ہیں، جس سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 18 جولائی تک موسلادھار بارشوں کا امکان ہے جبکہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، عمر کوٹ، دادو، نواب شاہ، لاڑکانہ اور سکھرمیں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہے، جس سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، ماہی گیروں کوکھلےسمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close