اسلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ برقرار ہے اور اس کا پھیلاؤ جنوب مشرقی سندھ تک ہے۔ہوا کا یہ کم دباؤ شمال مشرقی بحیرہ عرب اور رن آف کچھ ہندوستان کے قریب شدت اختیار کر گیا ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق اس سلسلے کے زیر اثر کراچی میں 18 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلا دھار بارشوں کا امکان برقرار ہے۔اس کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر،
ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، سانگھڑ، نواب شاہ، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، قمبر، شہداد کوٹ، دادو، جامشورو، شکارپور، گھوٹکی اور کشمور میں بھی 18 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، عمرکوٹ، دادو، جامشورو، نواب شاہ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندر کے ناہموار حالات کے پیش نظ
ماہی گیر 18 جولائی تک سمندر میں نہ جائیں۔دوسری جانب ماہرین موسمیات نے مون سون کا دورانیہ طویل ہونے اور معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو قرار دیدیا۔موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق موسموں کی شدت کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں نے مون سون بارشوں کا پیٹرن بھی بدل دیا ہے۔مون سون بیلٹ میں اضافہ ہو گیا ہے اور مون سون ہوائیں ان خطوں تک بھی پہنچنے لگی ہیں جو مون سون بیلٹ میں نہیں آتے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں