بارشیں ابھی ختم نہیں ہوئیں، محکمہ موسمیات نے کئی روز مسلسل رم جھم کی پیشنگوئی کردی

اسلام آباد (پی این آئی ) بارشیں برسانے والا ایک اور سسٹم پاکستان میں داخل ہونے لگا ، جس کے باعث محکمہ موسمیات نے 3 سے 4 روز میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی۔ تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ بھارتی راجھستان کے راستے ایک اور ویدر سسٹم پاکستان میں داخل ہورہا ہے، جس کی وجہ سے 14جولائی سے کراچی سمیت سندھ میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔

 

اندرون سندھ میں بھی کل صبح سے بارش ہوسکتی ہے جب کہ 3 سے 4 روز میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ نیا سسٹم 18 جولائی تک برقرار رہے گا ، سندھ میں 14 سے 18 جولائی تک مون سون کی مزید بارشیں متوقع ہیں ، اس دوران کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، عمر کوٹ اور تھر پارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مزید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ حکام سے الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کی درخواست کردی گئی۔اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان، کشمیر اور زیریں سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ، بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ، سرینگر، جموں، پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں اور بارہ مولہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

 

دھر مون سون بارشوں کی وجہ سے کراچی کے اولڈ ایریا کی حالت ابتر ہوگئی ، مون سون بارش سے اولڈ ایریا کی حالت ناقابل بیان ہے، 15 لاکھ سے زائد آبادی 26 گھنٹوں سے گھروں میں محصور ہےاوربارشی پانی مختلف علاقوں سے اب تک نہ نکالا جا سکا ، 15 لاکھ سے زائد رہائشی 26 گھنٹوں سے بارشی پانی کی وجہ سے گھروں میں دُبک کر بیٹھے ہیں جب کہ اولڈ ایریا کے مکین اب تک وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کی راہ تک رہے ہیں۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے فی کس امداد اور شہریوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر زر تلافی کرنے کا اعلان کیا، وزیراعظم شہباز شریف اور کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، اس دوران کراچی میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گفتگو ہوئی ، ٹیلی فونک بات چیت کے دوران وزیراعظم نے شہر قائد کے شہریوں کے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار بھی کیا۔

 

معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم سے مشکل حالات میں کراچی کے شہریوں کی داد رسی کا مطالبہ کیا جس پر انہوں نے بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ، اس کے علاوہ وزیر اعظم نے بارشوں میں ہونے والے شہریوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر زر تلافی کرنے کا بھی اعلان کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں