مون سون بارشوں میں شدت کی اہم ترین وجہ سامنے آ گئی

کراچی (پی این آئی) مون سون بارشوں میں شدت آتی جارہی ہے، موسمیاتی تجزیہ کار بتاتے ہیں کہ بحیرہ عرب میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہ رہے ہیں۔ بحیرہ عرب کے زائد درجہ حرارت کے باعث یہاں آنے والے سائیکلون یا مون سون سسٹم شدت اختیار کرنے لگے ہیں، مون سون ہوائیں پاک ایران سرحد کے قریب مغربی بلوچستان پر اثرانداز نہیں ہوا کرتی تھیں لیکن اب یہ بلوچستان سمیت ایران عمان، متحدہ عرب امارت تک جارہی ہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ مون سون کا دوسرا سسٹم سندھ اور گجرات سے ہوتا ہوا بحیرہ عرب میں آنے پر بحیرہ عرب کے زائد درجہ حرارت کے باعث شدت اختیار کرسکتا ہے، مون سون کا یہ دوسرا سسٹم بھی طاقتور ہے۔ 14 جولائی سے یہ زیریں سندھ پر اثر انداز ہوسکتا ہے،شام یا رات سے مون سون کے اثرات کراچی میں بارش کی صورت میں نظر آسکتے ہیں۔ 15 اور 16 جولائی کراچی میں اہم رہیں گے جہاں تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان رہے گا،

کچھ علاقوں میں 80 سے 90 اور کچھ علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے۔ خلیج بنگال میں ایک بعد دوسرے مون سون سسٹمز بن رہے ہیں اور بھارت میں اڑیسہ اور گجرات سے ہوتے ہوئے یہ جنوبی سندھ پر اثرانداز ہو رہے ہیں، مون سون کا تیسرا سسٹم 23 جولائی کو متحرک ہوسکتا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں