وہی ہوا جس کا خدشہ تھا، ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نان سٹاپ اسپیل نے تباہی مچادی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں سے تباہی مچ گئی ہے،مختلف حادثات اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 14 سے زائد زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں مکان کی چھت گرنے سے مفرق خان نامی شخص کی ماں اور بیوی سمیت 3 بچے دب گئے،بیوی اور ایک بیٹی موقع پر جاں بحق جبکہ دو بیٹے اور ماں شدید زخمی ہوگئی۔ریسکیو 1122 ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔اور ملبے میں دبے جاں بحق اور زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

 

دوسری جانب بدین میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔راولپنڈی میں جھنگی سیداں کے علاقے میں بارش سے بوسیدہ کمرے کی چھت گرگئی،جس کے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے کو بچالیا گیا۔ادھرکراچی میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔دکان میں کام کے دوران بجلی کی تار سے کرنٹ لگا جس کے باعث نوجوان موقع پر دم توڑ گیا،نوجوان کی شناخت 25 سالہ عبدالخالق کے نام سے ہوئی ہے۔لاہورمیں ایک گھر کی چھت گرگئی،جس سے دو افراد ملبے تلے دب گئے،جنہیں فوری امدادی کارروائی کرکے زندہ نکال کر طبی امداد کے لئے میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔زخمی ہونے والوں میں ایک مرد اور خاتون شامل ہیں۔ادھر بلوچستان کے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں شدید بارشوں کے بعد برساتی نالے میں طغیانی آنے سے 4 افراد پھنس گئےجنہیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

 

شجاع آباد میں بوسیدہ دیوار گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close