کوئٹہ (آئی این پی )بلوچستان میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 56 ہوگئی ہے جبکہ 48 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔موسلادھار بارش کے باعث خضدار، قلات، لسبیلہ، نصیر آباد، گوادر، پنجگور، تربت، آواران، بارکھان، بولان اور کوہلو کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
جمعرات کو صوبے میں ہونے والی بارشوں نے ایک بار پھر سے تباہی مچا دی ضلع پشین میں ڈب کراس کے مقام پر پل پانی میں بہہ گیا، کان مہترزئی میں زیر تعمیر دارا جلا ل خان زئی ڈیم اور مسلم باغ میں اختر نیکا ڈیم ٹوٹ گئے۔ جمعہ کوپراونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو صوبے بھر میں بارشوں سے 10 اموات ہوئی ہیں جن میں سے 6 افراد پشین جبکہ 4 افراد پنجگور میں جان کی بازی ہار گئے، ہلاک ہونے والوں میں 8 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق صوبے میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران اموات کی تعداد 56 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 48 تک پہنچ چکی ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 670 مکانات، 5 پل اور 1 کلو میٹر سڑک کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ اب تک 436 مویشی بھی طوفانی بارشوں کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو بھی کوئٹہ، خضدار، قلات، لسبیلہ، پنجگور، آواران، خاران، ژوب، بارکھان، کوہلو، نصیر آباد، اورماڑہ سمیت کیچ اورگوادر میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران خضدار میں 36، پنجگور میں 33، پسنی میں 31، اوڑمارہ میں 16ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں