آسمانی بجلی نے تباہی پھیر دی، متعدد افراد جاں بحق، دو بجلی گھر تباہ

گلگت (پی این آئی) غذر میں آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی، گلگت بلتستان کے ضلع میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث متعدد افراد جاں بحق، 2 بجلی گھر بھی تباہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق طوفانی بارشوں کے موسم نے گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں تشویش ناک صورتحال پیدا کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز غذر میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

 

جبکہ سیلابی صورتحال کے باعچ غذر میں واقع 2 بجلی گھر بھی تباہ ہو گئے۔ اس تمام صورتحال میں وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان کو حکم دیا ہے کہ شیر قلعہ ضلع غذر میں نالاجاتی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی ازخود نگرانی کریں۔ وزیر اعلی نے جی بی ڈی ایم اے، تعمیرات، بجلی اور صحت کے محکمہ جات کو شیر قلعہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو کے فوری اقدامات کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلی نے سیکرٹری داخلہ کو شیر قلعہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف اقدامات پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں