کل سے شروع ہونیوالا بارشوں کاسلسلہ کب تک برسے گا؟ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں30 جون سے مون سون بارشوں کے سلسلے کا امکان ہے جس کی وجہ سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی متعلقہ(این ڈی ایم اے) نےاداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ منگل کو محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پریس ریلیز کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں جمعرات 30 جون تا منگل 5 جولائی کے دوران آندھی، تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے اس موسلا دھار سلسلے کے باعث 2 تا 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور 3 تا 5 جولائی کراچی و حیدرآباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان جبکہ کشمیر ،گلیات،مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے اس صورتحال کے پیش نظر تمام وفاقی، صوبائی وزارتوں، ان کے ماتحت متعلقہ اداروں بشمول صوبائی، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات اٹھانے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے، ایمرجنسی مشینری و عملہ کو تیار رکھنے کے ساتھ نشیبی علاقوں کے لئے ڈی واٹرنگ پمپس کی پیشگی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں تا کہ موسم کی وجہ سے سیلابی پانی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جا سکیں.لوکل ریسکیو سروسز ڈیپارٹمنٹس سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں خصوصاً سیاحتی مقامات کی جانب گامزن عوام الناس کو غیر ضروری نقل و حرکت سے محتاط رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائیں۔

 

مزید برآں نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد محتاط رہیں اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے متعلقہ ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر مطلع کریں.قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول موٹروے/ٹریفک پولیس شمالی علاقہ جات کی جانب سفر کرنے والے مسافر و سیاحوں کو متوقع بارشوں اور راستوں کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رکھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں