اسلام آباد(پی این آئی) پنجاب اور خیبر پختونخواہ والے رواں ہفتے کے بیشتر حصّے میں گرمی کی شدّت محسوس کریں گے، جس کے بعد 120 سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی نقصان دہ آندھی گرد کے طوفان متوقع ہیں جبکہ کچھ بارش ہو سکتی ہے۔اگلے 2 سے 3 دن تیز دھوپ کے ساتھ موسم شدید گرم رہیگا۔ تاہم جمعرات کی سہ پہر یا شام سے ہفتے کے اختتام تک ایک مغربی سلسلے کے متاثّر کرنے کی توقع ہے۔
جس کے نتیجے میں کہیں، کہیں گرج چمک کے طوفان بنیں گے جو وقتاً فوقتاً شدید ہو سکتے ہیں۔چند ایک مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔ نتیجتاً پارا 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔خیبر پختونخواہ ، پنجاب اور جنوبی کشمیر میں شدید موسمی سرگرمیاں ممکن ہیں۔بالائی خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب اور آزاد کشمیر میں رواں سال کے گرم ترین درجہ حرارت ریکارڈ ہو سکتے ہیں۔ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے داخل ہوتے ہی ملک کے بالائی نصف حصّے اور مغربی علاقوں میں جمعرات یا جمعہ اور دوبارہ ہفتہ یا اتوار کو شدید موسمی سرگرمیوں کا امکان ہے جس میں طاقتور گرد کے طوفان گرج چمک اور چند ایک مقامات پر انتہائی تیز بارش کا امکان ہے۔بالائی پنجاب اور کشمیر میں اگلے 3 دنوں کے دوران بہت گرم موسم برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری زیادہ رہیں گے۔ رواں سال کے گرم ترین زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بدھ اور جمعرات کے درمیان ریکارڈ کئے جا سکتا ہیں۔
راولپنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ، اسلام آباد 42 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ فیصل آباد اور لاہور میں 45 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم جمعرات کی شام یا جمعہ سے شدید گرد کے طوفان اور گرج چمک کی توقع ہے۔ اٹک، راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال اور سرگودھا کے علاقوں میں شدید گرد اور گرج چمک کے طوفان (بالخصوص خطّہ پوٹھوہار کو) متاثّر کر سکتے ہیں۔ پوٹھوہار میں زیادہ سے زیادہ آندھی کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ کہیں، کہیں بارش بھی ہو سکتی ہے۔ بالائی پنجاب میں 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان، جبکہ جھکّڑوں کی رفتار 120 سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے ۔ میانوالی، جہلم، میرپور، صوابی اور ملحقہ اضلاع میں شدید گرد یا گرج چمک کے طوفان نسبتاً کم شدّت سے متاثّر کر سکتے ہیں۔ مجموعی طور پر 5 سے 15 جبکہ چند ایک مقامات پر 20 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے۔لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے جنوبی علاقوں میں 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
اس ہفتے سے اگلے ہفتے تک صوبے کے اوسطاً درجہ حرارت میں تقریباً 4 سے 6 ڈگری کمی متوقع ہے۔ بالائی پنجاب میں تقریباً 2 سے 5 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔ ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپور کے علاقوں سمیت جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر گرج چمک اور آندھی کے 20 فیصد امکانات ہیں۔ ہواؤں کی رفتار 70 سے 90کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔اگلے 3 دنوں تک میدانی علاقوں میں گرمی کی شدّت برقرار رہیگی جبکہ درجہ حرارت معمول 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہیں گے۔ زیادہ سے زیادہ بدھ یا جمعرات کو پشاور میں متوقع درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ بنّوں، ڈی آئی خان، لکّی مروت، پشاور، مردان، کوہاٹ، اور سوات، ہزارہ اور مالاکنڈ کی وادیوں سمیت صوبے کے میدانی علاقوں کے 30 فیصد حصّے میں شدید گرد اور گرج چمک کے طوفان رونما۔ ہو سکتے ہیں، جن کے ساتھ چند مقامات پر بارش یا ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ 100 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طاقتور، نقصان دہ آندھی چلنے کا اندیشہ ہے۔
اسکے نتیجے میں رواں ہفتے اور اگلے ہفتے کے درجہ حرارت میں تقریباً 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کمی ممکن ہے۔ ہزارہ، مالاکنڈ، سوات اور ایبٹ آباد کے علاقوں میں تیز بارش بھی ممکن ہے۔ مجموعی طور پر 15 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔صوبے کے شمالی پہاڑوں میں جمعرات کی رات یا جمعہ کی دوپہر کو مطلع جزوی ابر آلود ہونے کا امکان ہے، جس کے ساتھ چند مقامات پر گرد اور گرج چمک کے طوفان متاثّر کر سکتے ہیں۔ شمال۔ مغرب کی سمت سے70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں اور بارش متوقع ہے جو کہ لورالائی، بارکھان، کوہلو، ہرنائی، ژوب اور ملحقہ اضلاع کو متاثّر کر سکتی ہے۔ کوئٹہ اور شمال مشرقی بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بارش کا امکان بہت کم ہے لیکن اسکے باوجود بھی درجہ حرارت میں 3 سے 6 ڈگری سے زیادہ کمی دیکھی جا سکتی ہے۔ دن کے وقت ہواؤں کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ تربت میں زیادہ ای زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جو کہ مغربی ہواؤں کے پاکستان میں داخلہونے کے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ چاغی، پنجگور، تربت (کیچ)، مکران کے ساحلی علاقوں بشمول گوادر اور خضدار کے کئی علاقوں میں گرد اور گرج چمک کے طوفان متاثّر کرنے کا امکان ہے۔ خضدار اور لسبیلہ کے علاقوں میں بدھ سے ہفتے کی درمیانی شب تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری کا خدشہ موجود ہے۔
کچھ بادل چھائے رہنے کی توقع ہے لیکن مجموعی طور پر گرج چمک کے طوفاں بننے کے امکانات 10 فیصد سے زیادہ نہیں، جو کہ صوبے کے شمالی اور مغربی حصّوں تک محدود رہینگے۔ گرمی کی لہر متاثّر کرنے کی توقع نہیں ہے، جبکہ درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے زیادہ 3 ڈگری تک زیادہ ہو سکتے ہیں۔ جزوی طور پر ابر آلود آسمان کے ساتھ بھی صوبے میں درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے۔ کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص میں 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلنے کیساتھ مطلع جزوی ابر آلود رہیگا۔ نمی میں البتّہ نمایاں اضافے کا امکان ہے جس کے سبب گرمی کی شدّت زیادہ محسوس ہوگی۔ درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری کم رہینگے۔ جنوبی سندھ میں بارش کا کوئی خاص امکان نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں