ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر ، سورج سوا نیزے پر،کراچی میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

کراچی (آئی این پی)ملک میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور کئی علاقوں میں درجہ حررات 51 ڈگری تک جاپہنچا ہے،پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہفتے کے روز سورج نے سب سے زیادہ قہر جیکب آباد میں ڈھایا، جہاں درجہ حرارت 51 ڈگری ریکارڈ کیا گیا،محکمہ موسمیات کے مطابق شہید بے نظیر آباد میں 50.5 اور موئن جو داڑو میں 50 ڈگری کو چھو گیا، لاڑکانہ، دادو ، سکرنڈ اور سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

خیر پور میں 48.6، پڈعیدن میں 48.5، روہڑی میں 48، سکھر میں 47.5 اور مٹھی میں 46.5 جب کہ حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.2 ریکارڈ کیا گیا۔۔کراچی میں ہفتے کو بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہی اور درجہ حرارت 42.8 تک پہنچ گیا۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہفتے کو کراچی میں مئی کے مہینے میں گرمی کا 10 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔2012 میں مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 42.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ گرمی 1938 میں پڑی تھی، اس برس 9 مئی کو شہر کا درجہ حرارت 47.8 ریکارڈ کیا گیا تھا۔یٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے نئی ہدایات۔ملک میں شدید گرمی کے باعث قومی ادارہ صحت نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں، جن کا مقصد قبل از وقت ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھانا ہے۔قومی ادارہ صحت کے مطابق ہیٹ اسٹروک ایک طبی ہنگامی صورت حال ہے جو جان لیوا بھی ہو سکتی ہے۔ ہیٹ اسٹروک ہونے کی صورت میں فوری طور پر مریض کا درجہ حرارت کم کرنے کوشش کی جائے،

متاثرہ شخص کو سایہ دار یا ٹھنڈی جگہ پر رکھیں۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شخص پر ٹھنڈی پانی کی پٹیاں رکھی جائیں، اسپتال یا طبی سہولت یا ایمرجنسی سے رابطہ کیا جائے، مریض کے پسینے کو روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔ متاثرہ شخص میں پانی کی کمی سے بچانے اور نمکیات پورے کرنے کے لیے مشروبات دیے جائیں۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 15 مئی سے گرمی کی شدت میں بتدریج کمی آئے گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہے گا، تاہم شام اور رات کے وقت میں بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرد آلود ہوا ئو ں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں گردآلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close